• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسنگ فیڈریشن عہدیدار بلامقابلہ جیت گئے، دونوں دھڑوں کا اعلان

کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے بلامقابلہ چیئرمین اور خالد محمود صدر منتخب ہوگئے، جبکہ سیکرٹری جنرل ناصر تنگ اور دیگر عہدیدار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ مخالف گروپ نے الیکشن کو متنازعہ قراردیتے ہوئے اپنا علیحدہ انتخابی عمل مکمل کیا اور جہانگیر ریاض کو صد منتخب کرلیا۔ پی بی یف نے الیکشن کیلئے لاہور کے اولمپک ہائوس کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں اچانک وینیو تبدیل کرکے واپڈا ہائوس کے آڈیٹوریم میں انتخابی عمل مکمل کیا۔ پی بی ایف کے مطابق چار سالہ مدت کیلئے لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین( ر) بلا مقابلہ چیئرمین اور محمد خالد محمود صدرمنتخب ہوئے۔ ناصر تنگ کا کہنا تھا کہکورونا ایس او پیز کے تحت کھلی جگہ پر واپڈا ہائوس میں الیکشن کا عمل مکمل کیا گیا۔ جہانگیر ریاض کے کاغذات قواعد کے تحت چیئرمین الیکشن نے مسترد کئے، انہیں اپیل کا حق دیا لیکن وہ نہیں آئے۔ جوائنٹ سیکرٹریز کے بھی دوسیٹوں کے کاغدات مسترد ہونے پر تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ دوسری جانب جہانگیرریاض کا کہنا تھا کہ بلامقابلہ صدر منتخب ہوچکا ہوں اور دیگر سیٹوں پر ہونے والے انتخابی عمل میں شرکت کیلئے اولمپک ہائوس پہنچا تو وہاں تالے لگے ہوئےتھے۔ ہم نے مقامی ہوٹل میں انتخابی عمل مکمل کیا اور سیکرٹری جنرل کیلئے پنجاب باکسنگ کے شرجیل ضیا بٹ سمیت دیگر عہدیداروں کے چنائو کا عمل مکمل کیا۔

تازہ ترین