• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، شادی میں ہوائی فائرنگ کا مقدمہ ایک ہفتے بعد درج


کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آئے واقعات میں شادی کی تقریب میںہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کیخلاف مقدمہ درج، فنکشنل لیگ کے دفتر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جبکہ کینٹ اسٹیشن کے اطراف پولیس کے سرچ آپریشن میں 3افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ایک ہفتہ قبل شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے سیاسی جماعت کے افراد پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،

مقدمے میں نامزد ملزمان جدید اسلحہ کے ساتھ کئی گھنٹے تک ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ سچل تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ میں سیاسی جماعت کے طارق ترین، سلیم ترین ہدایت اللہ، فرید اللہ اور نعیم کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 5،6 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہےتاہم مقدمہ کے باوجود ہوائی فائرنگ میں ملوث کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔

نارتھ کراچی سیکٹر 5سی2 میں موٹرسائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے دفتر پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے وقت دفتر بند تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب کینٹ اسٹیشن کے اطراف میں واقع رہائشی ہوٹلوں کی تلاشی کے لئے سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران 25ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی اور متعدد مشتبہ افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔

آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا جبکہ 3 ملزمان کو 1 پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

کھارادر مچھلی مارکیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جبکہ گلشن شمیم میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔


تازہ ترین