• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں ابھی بھی 30 برس کی ہوں: بختاور بھٹو زرداری

سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کہتی ہیں کہ وہ 31 برس کی ہونے کے باوجود بھی 30 برس کی ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری آج اپنا 31 واں یومِ پیدائش منا رہی ہیں اور اس ضمن میں دُنیا بھر میں موجود اُن کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ماضی کے اُن کے حسین لمحات کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی زینت بنارہے ہیں۔

اب اس ضمن میں بختاور بھٹو نے اپنے تمام چاہنے والے پیغامات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر  خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

بختاور بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’مجھے آج میری سالگرہ کے دن بہت زیادہ پیغامات موصول ہوئے جس کے لیے میں سب کی بےحد شکرگزار ہوں۔‘

اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’چونکہ 2020 ہم سب کے لیے ایک مشکل سال رہا ہے، اس لیے میں اپنی عُمر میں 2020 کو شامل نہیں کروں گی۔‘

بختاور بھٹو نے کہا کہ ’2020 کو شامل نہ کرنے کی وجہ سے میں ابھی بھی 30 برس کی ہی ہوں۔‘

واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری 25 جنوری 1990 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، بختاور بھٹو زرداری نے انگریزی ادب میں ایم اے اور گریجویشن ایڈن برگ یونیورسٹی سے پاس کیا۔

بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز بھی ہوگیا ہے، بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ ’بارات‘ کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔

تازہ ترین