• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدہ شہادت سے قبل سالگرہ کا تحفہ چھوڑ گئی تھیں: بختاور بھٹو

سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آج اپنا 31 واں یومِ پیدائش منا رہی ہیں۔

اس مناسبت سے بختاور بھٹو کے چاہنے والے اُن کی زندگی کے یادگار پہلوؤں کو سوشل میڈیا کی زینت بنا رہے ہیں اور بختاور بھٹو بھی من پسند ٹوئٹس کو لائیک کررہی ہیں۔

بختاور کی جانب سے لائیک کئے گئے ایک ٹوئٹ میں ان کا غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کا ایک کِلپ شامل ہے جس میں وہ والدہ بینظیر بھٹو کی وفات سے قبل پیشگی سالگرہ مبارک کے واقعے کا تذکرہ کررہی ہیں۔

بختاور بھٹو نے کا کہنا تھا کہ والدہ نے شہادت پانے والے دن سے قبل مجھے فون کیا اور سالگرہ کی پیشگی مبارکباد دی۔

جس پر میں نے انہیں کہا کہ آپ مجھے جنوری میں ہی سالگرہ والے دن مبارکباد دیجیے گا ایڈوانس میں دینے کا کیا مطلب ہے۔

بختاور نے بتایا کہ والدہ کی شہادت کے بعد مجھے اُن کی الماری سے ایک نیکلس ملا، اور ساتھ یہ تحریر تھا کہ ’18 ویں سالگرہ مبارک ہو۔‘


بختاور کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس لمحے احساس ہوا کہ میری والدہ شہادت کے لیے تیار تھیں۔‘

بختاور بھٹو زرداری25جنوری1990 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، بختاور بھٹو زرداری نے انگریزی ادب میں ایم اے اور گریجویشن ایڈن برگ یونیورسٹی سے پاس کیا۔

بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز بھی ہوگیا ہے، بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ ’بارات‘ کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔

تازہ ترین