لندن (زاہد انور مرزا) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار پر لندن میں ایون فیلڈ میں داخل ہوتے ہوئے ایک پاکستان نژاد برطانوی خاتون نے لفظی حملوں کی بوچھاڑ کردی۔ خاتون نے کہا کہ آپ کرپٹ اور بددیانت ہیں دنیا میں تو آپ لوگ شاید بچ جائیں مگر اللہ کے انصاف سے بچ نہیں سکیں گے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں برطانوی خاتون کہہ رہی ہے کہ پاکستان لوٹنے والے احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون اسحاق ڈار پر مسلسل فقرے کس رہی ہیں جبکہ ویڈیو میں اسحاق ڈار کے صاحبزادے بھی نظر آرہے ہیں جو خاتون کو جواب دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متضاد دعوے کئے جارہے ہیں کہ یہ ویڈیو پرانی ہے لیکن ایک نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ویڈیو نئی ہے جبکہ خاتون کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا گیا ہے۔