• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین سب کےلئے ضروری ہے،کرسٹینا میکلوی

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی وزیر برائےایکوالٹی کرسٹینا میکلوی نے نسلی اقلیتوں کی 100سے زیادہ تنظیموں کو خطوط لکھے ہیں کہ وہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو یہ حقیقت بتائیں کہ کورونا ویکسین کا لیا جانا ان کی اور ان کے ملنے والوں کی جانوں کی حفاظت کیلئے کتنا ضروری ہے، واضح رہے کہ پاکستانی، بنگلہ دیشی کالے اور مشرقی یورپی کمیونٹیز میں خاصی تعداد میں ایسے افراد موجود ہیں جو کورونا ویکسین لینے سے ہچکچا رہے ہیں، ان میں یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ کورونا ویکسین میں حرام گوشت اور شراب کا استعمال کیا گیا ہے، ہر افراد کی خفیہ نگرانی کیلئے ان کے جسم میں چپ (Chip) ڈال دیا جاتا ہے، علاوہ ازیں یہ کہ ویکسین لوگوں کا ڈی این اے تبدیل کرسکتی ہے، ایشیائی لوگوں خصوصاً پاکستانیوں میں اس سلسلہ میں سازشی تھیوریاں بہت مقبول ہیں، حالانکہ کورونا کا سب سے بڑا شکار ان ہی نسلی اقلیتوں کے افراد ہیں، وہ آسانی سے ان سازشی تھیوریوں کو اس وجہ سے قبول کرلیتے ہیں کہ چونکہ وہ سفیدفام کمیونٹی اور بڑی عالمی طاقتوں کے ظلم اور چیرہ دستیوں کا نشانہ بن چکے ہیں، اس لیے وہ ان کی طرف سے کہی جانے والی ہر بات کو شک و شبہ کی نظر سے دیکھتے ہیں، پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے لازمی طور پر کورونا کی ویکسین لیں کیونکہ جتنا وائرس خطرناک ہے، اسی طرح سے یہ افواہیں بھی خطرناک اور جان لیوا ہوسکتی ہیں۔
تازہ ترین