اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہاپی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سال میں معیشت اور معاشرت تباہ کردی ،لاکھوں لوگ ایک وقت کے کھانے کے لئے ترس رہے ہیں۔ اداروں کی نج کاری کی پالیسیاں نامنظور ،بھر پور مزاحمت کریں گے۔ وزیراعظم میں اگر ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کی ہمت نہیں تو گھر چلے جائیں، پاکستانیوں کے لئے کورونا ویکسین کا فی الفور انتظام کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے اسلامی نظریاتی کونسل کے غیرموثر ہونے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا ۔ انہوں نے کہا حکومت اس ادارے کو بچائے اور اس میں تقرریاں کرے ،سینیٹر سراج الحق نے کہاحکومت سب کچھ بیچ دو کی پالیسی پر کاربند ہے۔ وزیراعظم اداروں میں استحکام لانے کی باتیں کرتے تھے مگر اب ان کی حکومت میں تمام سرکاری اداروں کوپرائیوٹائز کیا جارہاہے۔
l