• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمت سعید عزت سے چلے جائیں، ورنہ حقائق سامنے لائیں گے، مریم نواز

عظمت سعید عزت سے چلے جائیں، ورنہ حقائق سامنے لائیں گے، مریم نواز


لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس(ر) عظمت سعید عزت سے براڈ شیٹ کی تحقیقات کی سربراہی سے معذرت کرلیں اور چلے جائیں ورنہ حقائق سامنے لائینگے۔

جسٹس (ر) عظمت سعید مسلم لیگ(ن) کی منتخب حکومت اور منتخب وزیر اعظم کیخلاف کی گئی سازش کے کرتا دھرتا، جے آئی ٹی کیلئے واٹس اپ کال کرتے رہے،جسٹس عظمت سعید نے ذاتی طور پر اثر انداز ہو کر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنائی اور ذاتی پسند نہ پسند کی بنیاد پر افسران کو اس میں میں شامل کیا۔ 

’’فراڈ شیٹ‘‘ کے وقت پراسیکیوٹر تھے، سازش میں شامل ہونے والوں کو نوازا جارہا ہے ،براڈ شیٹ، ’’فراڈ شیٹ‘‘ ہے اور یہ جال نیا نہیں بہت پرانا ہے ، فراڈ شیٹ کی سازش حکمرانوں کے اپنے سر پڑ گئی ہے۔

اگر اسکے حقائق پہلے سامنے آ جاتے تو نواز شریف سر خرو ہو جاتے اس لئے اس کو چھپانے کیلئے راتوں رات عوام کے خون پسینے کی کمائی کو یو کے ہائی کمیشن کے اکائونٹ میں منتقل کیا گیا اور لندن ہائیکورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی ٹرانسفر کر دئیے گئے۔

پی ڈی ایم میں مثالی کوآرڈی نیشن ، اختلاف سے متعلق حکومتی خواہش دم توڑ رہی ہے،بلاول بھٹو کی ان ہائوس تبدیلی کی تجویز ٹی وی پر سنی ہے ، اگر انکے پاس نمبرز ہیں تو شو کریں،پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اس تجویز پر یقینا بحث ہو گی۔

پنجاب حکومت کو اپنی نا اہلی کا بوجھ اٹھانا پڑے گا اور ہم انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے تاکہ یہ کل کو یہ نہ کہیں کہ اچانک ہماری حکومت گرا دی اور ہمیں کچھ کرنے نہیں دیا ۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ 

مریم نواز نے کہا کہ کھوکھر برادران نواز شریف کے بااعتماد ساتھی ہیں، نواز شریف کے کہنے پر کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کے لیے آئی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کھوکھربرادران کے حق میں عدالت کا فیصلہ آگیا ہے، حکومت کے خلاف کرپشن کے الزمات سامنے آ رہے ہیں، ایک دن تو آئے گا جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ کھوکھر برادران نے نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کیا تو ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی، پتا چلا ہےکہ عمران خان ذاتی طور پر کھوکھر برادران کیخلاف آپریشن کو مانیٹر کرتے رہے۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی ون مین شو پارٹی ہے۔

تازہ ترین