• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، گرانفروشی پر 26دودھ فروشوں اور نانبائیوں کو گرفتار کرلیا گیا

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر 26دودھ فروشوں اور نانبائیوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے حیات آباد اور گلبہار کے مختلف علاقوں میں دودھ فروشوں اور نانبائیوں کی دکانوں میں نرخوں کےبارے میں آگاہی حاصل کی اور روٹی کے وزن کو چیک کیا۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے اور کم وزن روٹی فروخت کرنے پر 26 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش شہر کے کسی بھی کونے میں ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
تازہ ترین