• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کو خط لکھا جا چکا ،تحقیقات میں سب واضح ہو جائیگا، اسحاق ڈار

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے معاشی ترقی کے پہیے کو رواں دواں رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے ،غیر ملکی ادارے اپنی رپورٹس میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ی کی جانبگامزن ہیں لیکن کچھ لوگ ’’ میں نہ مانوں ‘‘ کی رٹ لگائے ہوئے ہیں،حکومت 2018ء کے آخر تک اقتصادی ترقی کا 7 فیصد ہدف حاصل کر لے گی، چیف جسٹس کو خط لکھا جا چکا، تحقیقات میں سب واضع ہو جائے گا ،گزشتہ تین سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں56فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے،ملک میں توانائی کی طویل مدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے 25ہزار سے میگاواٹ کے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ایک انٹر ویو میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جب موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو ملک اقتصادی دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا تھا لیکن گزشتہ تین سال کے دوران مختلف شعبوں میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے باعث ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے اور اس کا اعتراف غیر ملکی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دلائل سے بات کرتے ہیں ،حکومت جو اعدادوشمار پیش کر رہی ہے اپوزیشن آئے اسے جھوٹ ثابت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں مہنگائی کو 8.6فیصد سے کم کر کے گزشتہ سال 4.5فیصد کی سطح پر لے آئے جبکہ اس سال مہنگائی کی شرح مزید کر کے 4فیصد تک لائی جائیگی۔مارچ 2018تک سسٹم میں 10ہزار میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا جائیگا جبکہ مجموعی طور پر 25ہزار میگا واٹ توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکال لائے ہیں انشا اللہ اب یہ توازن کے ساتھ چلتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچے گی ۔میکرو اقتصادی استحکام کے بعد ملک میں روز گار کے مواقعوں میں اضافے کیلئے انفراسٹرکچر، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں،حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی عوام دوست اقدامات تجویز کرے گی اور اسکے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو آگے لے کر جارہے ہیں انشا اللہ بہت جلد اقتصادی لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین 18معیشتوں میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر چیف جسٹس آ ف پاکستان کو خط لکھا جا چکا ہے اس کمیشن کو جتنے اختیارات دئیے گئے ہیں وہ میڈیا میں قوم کے سامنے آ گئے ہیں ،تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کی شفافیت کی وجہ سے چین نے پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا اور یہ پاکستانی قوم کے لئے تحفہ اور فخر کی بات ہے۔
تازہ ترین