بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنی نئی آنے والی فلم ’میڈے‘ کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی فلم ’میڈے‘ میں اداکار اجے دیوگن اور اداکارہ راکول پریت کے ساتھ امیتابھ بچن بھی مرکزی کردار کرتے دکھائی دیں گے۔
فلم کی شوٹنگ کے آغاز سے قبل اداکار امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کیا تھا جو کہ سوشل میڈیا پربہت زیادہ وائرل ہو رہا ہے۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم کی شوٹنگ سے پہلے ہی نروس ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں وہ کار سے اُترتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے چہرے پر ہوڈی اور ماسک پہنا ہوا ہے۔
ٹوئٹر پر شیئر کردہ تصاویر کے ساتھ کیپشن میں امیتابھ نے لکھا ہے کہ ’’نئی فلم کا پہلا دن اور حالت خراب ہے! تناؤ کا ڈر‘‘
امیتابھ کی اس پوسٹ پر مداحوں نے بھرپور جواب دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اداکارہ راکول پریت نے بھی امیتابھ کی اس پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ راکول پریت نے امیتابھ کے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سر .. مجھے یہ کہنا ہے کہ میں اس فلم میں آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش لیکن نروس ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ سال امیتابھ بچن ، راکول پریت اور اجے دیوگن کی فلم ’میڈے‘ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اداکارہ راکول پریت اس فلم کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔
یہ دوسرا موقع ہے جب راکول پریت دوبارہ اجے دیوگن کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ اس سے قبل یہ دونوں اداکار فلم ’دے دے پیاردے‘ میں اسکرین شیئر کرچکے ہیں۔