اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ وغیرہ کے خلاف بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کرپشن ریفرنس میں شریک ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیا سلمان خالد نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی۔ جمعہ کو ملزم سلمان خالد نے فرزانہ راجہ کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نیب کو کامیاب ٹرائل کے لئے اہم معلومات دے سکتا ہوں۔ استدعا ہے کہ چیئرمین نیب کو ہدایت کی جائے میری معافی کی درخواست قبول کریں۔ عدالت نے درخواست چیئرمین نیب کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔ یاد رہے کہ نیب نے 32 والیمز پر مشتمل کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا یے‘ جس میں پیپلز پارٹی رہنما فرزانہ راجہ سمیت 19 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ فرزانہ راجہ نے 4 اشتہاری کمپنیوں کو خلاف ضابطہ ٹھیکے دیئے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک ارب 46 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔