بھارتی اداکارہ زرین خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کو اپنے فلمی کیرئیر کی تباہی کا ذمے دار قرار دیدیا ہےاور ساتھ ہی خود کو فلمی صنعت میں نظر انداز کیے جانے کی وجہ بتادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق زرین خان جنہوں نے 2010ء میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’ویر‘ سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا، انہیں 11 برس کے دوران فلمیں تو ملیں پر کسی بڑی اور ہٹ فلم کے ساتھ نہ جڑ سکیں۔
انہوں نے فلمی صنعت میں 11 سال مکمل ہونے پر چپ توڑ دی ہے اور کہا کہ میرا موازنہ کترینہ کیف کیا جاتا ہے اور فلم ساز مجھے اداکارہ جیسا (جعلی ہم شکل) قرار دیتے ہیں اور کام کرنا نہیں چاہتے۔
زرین خان نے یہ بھی کہا کہ کترینہ کیف سے شکل کی مماثلت میرے کام نہیں آئی اب لوگ مجھے اداکارہ جیسا کہنے لگے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فلمی صنعت میں ہر کوئی اپنی شناخت بنانے آتا ہے نا کہ کسی کا شیڈو یا اُس جیسا بننے کےلیے، مجھے 11 برس ہوگئے ہیں تاہم اب بھی فلم ساز مجھے کترینہ کا ہم شکل ہی سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے۔
زرین خان کو اپنے فلمی کیرئیر کے دوران ہاؤس فل 2، ہیٹ اسٹوری 3، اکثر 2، 1921 جیسی فلموں میں اداکاری کا موقع ملا جبکہ انہوں نے کئی فلموں میں ڈانس نمبر بھی کیے ہیں۔
انہوں نے اپنے چہرے کو یونیورسل قرار دیا اور کہا کہ مجھ جیسے بہت سے لوگ ہیں، کچھ مجھے پوجا بھٹ تو کچھ پریتی زنٹا سے بھی ملاتے ہیں اور کچھ کے نزدیک میں سنی لیونی جیسی ہوں۔
بھارتی اداکارہ نے اس طرح کے بیانات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگوں کو میں اب تک زرین خان کیوں نہیں لگتی۔
زرین خان نے اس موقع پر سلمان خان کے ساتھ فلم ’لکی‘ میں کام کرنے والی سنہا اولال کا ذکر بھی کیا، جس کا کیریئر ایشوریہ رائے جیسا قرار دے کر ختم کردیا گیا۔
ایمیشا پٹیل کو امرتا سنگھ جیسی قرار دیا گیا جبکہ ہرمن باویجا کو ہرتیک روشن کا جعلی ہم شکل قرار دیا۔
زرین خان کی کچھ فلمیں ابھی ریلیز ہونا ہیں، جن میں سے ایک ’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ ہے، جس کی ریلیز کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے باعث ملتوی کردی گئی ہے۔