پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے سینئر رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کراچی زرداری پارٹی کے ظلم کا شکار بنا ہوا ہے۔
شاہ فیصل کالونی میں پی ٹی آئی دفتر میں فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ یہ شہر ایک ظالم پارٹی زرداری پارٹی کا شکار بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام ختم ہوئے 5 ماہ ہوگئے ہیں، سندھ حکومت تاحال بلدیاتی الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہی ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے سینئر رہنما نے کہا کہ کراچی کے مسائل 4 دہائیوں میں صوبے کے مسائل سے بڑھ گئے، سب کے مل کر کام کرنے سے کراچی کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئی ماس ٹرانزٹ کا نظام نہیں، سب خرابیوں کی زمے دار سندھ حکومت ہے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے، وہ وفاقی حکومت کی معاونت میں روڑے اٹکاتے ہیں۔