• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے جوہری تنازع کا خاتمہ بائیڈن کی ترجیح

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کو پہلی فرصت میں حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مبہم اور مشکوک نوعیت کی جوہری سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے زیر اہتمام آن لائن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جیک سلیوان نے کہا کہ ہمارے نقطہ نظر سے فوری اور پہلی ترجیح کے طور پر حل ہونے والے مسائل میں ایک ایران کا جوہری پروگرام ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی وائٹ ہاؤس نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ 2015ء کو گروپ فائیو پلس ون کے ساتھ طے پائے معاہدے کی شرائط کی سختی سے پابندی کرے۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ متنازع جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات میں سعودی عرب کو بھی شامل کیا جائے گا۔ عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات بہت سخت ہوں گے، اسی لیے اس میں سعودی عرب سمیت دیگر اتحادیوں کو شامل کیا جائے گا۔علاوہ ازیں امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے رابرٹ میلے کو ایران کے لیے خصوصی نما ئندے کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیاہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق رابرٹ میلے کے تقرر کا حتمی فیصلہ جلد کردیا جائے گا۔ رابرٹ میلے سابق امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ میں خارجہ پالیسی کے مشیر کے عہدے پر فائز تھے۔ میلے نے فروری 2014ء سے جنوری 2017ء تک امریکا کی قومی سلامتی کونسل میں کام کیا۔ وہ 2015ء میں ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے سینئر ترین امریکی مذاکرات کاروں میں سے ایک تھے۔ میلے کو فلسطینی اسرائیلی تنازع کے حوالے سے بھی ماہر شمار کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین