لاہور ( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام صاف پانی سے محروم، مہنگائی اور بے روزگاری نے انکا جینا دوبھر کردیا۔ پاکستانیوں کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ہتھکڑیاں ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ملک سے غداری کی۔ دو فیصد اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔ اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ غریب آدمی آٹے کی بات کرتا ہے وزیراعظم کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا۔ وزیراعظم اتنے یوٹرنز لے چکے ہیں شاید اب گنتی بھی ممکن نہیں۔ کرنسی کمزور، معیشت ڈانواں ڈول ہے۔ حکومت وہی کرتی ہے جو عالمی مالیاتی ادارے کہتے ہیں۔