بالی ووڈ کے سینئر اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا کے نوجوان مسلمان اداکار میزان جعفری کی محبت میں گرفتار ہونے کی خبریں زبان زد عام ہیں تاہم وہ کئی مرتبہ میزان کی اچھی دوست ہونے کا اقرار کرچکی ہیں۔
نوجوان اداکار میزان جعفری بالی وڈ کے نامی گرامی اداکار سید اشتیاق احمد جعفری (جن کا فلمی نام جگدیپ تھا) کے پوتے اور اداکار جاوید جعفری کے بیٹے ہیں۔
میزان نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ملال‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جس میں بہترین اداکاری پر انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اداکار کی ایوارڈ کے ساتھ تصویر والی پوسٹ پر نہ صرف نویا نے خوش ہو کر کمنٹ کیا بلکہ اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے بھی میزان کی تصویر اسٹوری پر لگا کر مبارکباد دی۔
نویا کی اس پوسٹ کا سوشل میڈیا پرخوب چرچا ہے اور ایک بار پھر دونوں کے درمیان قریبی تعلق کی خبریں بھی آرہی ہیں۔
واضح رہے کہ میزان اس وقت فلم ’ہنگامہ 2‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور یہ ان کی دوسری فلم ہے۔
بالی وڈ کے سینئر اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اپنی نواسی نویا نویلی نندا بےحد پیار کرتے ہیں اور اکثر ان کے ساتھ مختلف تقریبات میں بھی نظر آتے ہیں۔