• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں آٹا مہنگا کیوں ؟ اسد عمر کا زرداری‘بلاول سے سوال

سکھر (بیورورپورٹ‘ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے دورہ سکھراور شکارپور کے موقع پر سندھ حکومت‘ آصف زرداری اور بلاول بھٹوسے سوال کر ڈالا کہ سندھ میں آٹا مہنگا کیوں ہے ؟ سندھ کے عوام وزیر اعلی سندھ سے پوچھیں‘ سندھ میں امن وامان کی صورتحال بہت خراب ہے ‘یہ حقیقت ہے کہ ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا مگر ٹاپ لیول کی کرپشن ختم ہوگئی ہے۔کرپشن کے خاتمہ میں نیب کا اہم رول ہے‘یگر اداروں کو بھی اس سلسلہ میں کام کرنے کی ضرورت ہے‘بلاول بھٹو حکومت جانے کی ڈیڈلائن دیتے رہتے ہیں ان کو سنجیدہ نہ لیا جائے۔ سکھر میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ جولائی سے جنوری تک پنجاب میں 20 کلو آٹے کی بوری 860 روپے کی فروخت ہوتی رہی ہے اور سندھ میں یہ1300کی فروخت ہوئی ہے ‘ پنجاب بھی اپنی ضرورت سے زیادہ گندم پیدا کرتا ہے اور سندھ بھی اپنی ضرورت سے زیادہ گندم پیدا کرتا ہے ‘سندھ کے عوام کو صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ سے یہ سوال پوچھنا چاہئے کہ ہم سات ماہ سے آٹے کی مہنگائی میں پس رہے ہیں توکیوں پس رہے ہیں‘پنجاب ہے آٹا 400روپے سستا اور سندھ میں مہنگا کیوں ہے۔اسدعمر نے سکھر، شکارپور اور جیکب آباد سمیت سندھ میں امن وامان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، لوٹ مار کے واقعات کے باعث عوام پریشان ہیں‘ایسے میں سندھ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ‘وفاق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ سندھ میں امن وامان کیلئے سندھ حکومت کی مدد کرینگے، رینجرز کی ضرورت پڑی تو وہ بھی دینگے۔دریں اثناء سکھر میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہناتھاکہ عمران خان اکیلے نیا پاکستان نہیں بناسکتے، انہیں نوجوانوں کی مدد کی ضرورت ہے‘ عالمگیر خان نے وزیر اعلیٰ کے لئے ہاتھ ہلکا رکھا ہوا ہے، انہیں ہاتھ سخت کرنا ہوگا۔ ہمارے لیڈر ذہنی طور پر غلام ہیں۔

تازہ ترین