• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، برطانیہ مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ جلد مکمل کرنے پر متفق ہوگئے، شیخ رشید

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ نے مجرموں کی حوالگی سے متعلق معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے معاہدہ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے،ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ جرم کرنیوالے شخص کو کہیں پناہ نہ ملے۔ منگل کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹیئن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا اور وزیر داخلہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھی گہرے تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی پاکستان سے متعلق مثبت سکیورٹی ایڈوائس کی وجہ سے ملک کو بہت فائدہ ہوا اور پاکستان کا بیرونی دنیا میں تاثر بہتر ہوا۔انہوں نے کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ غریب ملکوں سے پیسہ لوٹنے والے بڑے ملکوں میں پناہ لیتے ہیں، ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ جرم کرنے والے شخص کو کہیں پناہ نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطے مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات و انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی سکیورٹی کی صورتحال بہت تسلی بخش ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز اور ورجن ائیرلائنز چلنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

تازہ ترین