• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان کے گھر ہوئے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے گھر گزشتہ روز ہوئے مسلم لیگ نون کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، جس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اپنے اتحادیوں مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری سے رابطہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ہونے والے مسلم لیگ نون کے اجلاس میں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مار چ کی تاریخ کا اعلان کرنے پر زور دیا جائے گا اور پیپلز پارٹی کو بھی قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

نواز شریف پیپلز پارٹی کو استعفوں اور لانگ مارچ پر قائل کر نے کی کو شش کریں گے، لانگ مارچ کی تاریخ دینے پر زور بھی دیا جائے گا۔

نواز شریف نےاجلاس کو بتایا کہ وہ ذاتی طور پر مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری سے بات کریں گے۔

اجلاس میں نون لیگ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر مہنگائی مارچ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ نون پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں سینیٹ انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کی تجویز دے گی۔

مسلم لیگ نون پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی 7 نشستوں کی حمایت مانگے گی۔


اسی طرح نون لیگ کے پی کے میں پارٹی کے ممکنہ امیدوار پیر صابر شاہ کے لیے اے این پی، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں سے حمایت مانگے گی، کے پی کے میں پی ڈی ایم اتحاد کی 41 نشستیں ہیں۔

بدلے میں نون لیگ بلوچستان میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار کی حمایت کرے گی، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کے 22 ارکان ہیں۔

اجلاس میں خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں ورکنگ گروپ بھی بنایا گیا جس کےدیگر ارکان میں مریم اورنگ زیب، رانا ثناء اللّٰہ، جاوید لطیف اور خرم دستگیر شامل ہیں۔

یہ ورکنگ گروپ پی ڈی ایم اجلاس میں شرکت سے قبل نون لیگ کے اگلے اجلاس کے لیے تجاویز مرتب کرے گا۔

تازہ ترین