وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا ہیلتھ کیئر منصوبہ بنایا ہے، ملک بھر میں ہیلتھ کیئر سہولیات کو فنڈنگ کی جارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے کورونا اور اس کی تباہی پر رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا سے متعلق صنفی تقسیم کی نشاندہی کی، کورونا کیسز میں سب سے زیادہ مردوں کے کیس رپورٹ ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ یہ وبا نقل و حرکت سے جڑی ہے، زیادہ مرد سفر کرتے ہیں اسی لیے وہ زیادہ متاثر ہوئے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا ہیلتھ کئیر منصوبہ بنایا ہے، منصوبے کے تحت ملک بھر میں ہیلتھ کیئر سہولیات کو فنڈنگ کی جارہی ہے۔
اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کو طبی سہولیات ملیں گی۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے ڈومیسائل کے حامل کہیں بھی ہوں انہیں سہولت ملے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب نے بھی شہریوں کو صحت کی سہولیات دینے کا آغاز کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں خواجہ سراؤں کے لیے ایک مؤثر قانون موجود ہے، بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو ریلیف دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریلیف قرضوں کی مد، ویکسین وغیرہ کے سلسلے میں بھی ہوسکتا ہے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ یو این ڈی پی کا اس رپورٹ کی تیاری میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔