• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بختاور بھٹو کی شادی کی نئی تصویر منظرِ عام پر

سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کی شادی کی تقریب کی نئی تصویر منظرِ عام پر آگئی۔

بختاور بھٹو زرداری نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے نکاح کی تقریب کی ایک دلکش تصویر شیئر کی۔

مذکورہ تصویر میں بختاور بھٹو عروسی لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے پیچھے اُن کے شوہر محمود چوہدری، بھائی بلاول بھٹو اور بہن آصفہ بھٹو کھڑی ہیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصفہ بھٹو اور بلاول بھٹو کسی بات پر مُسکرا رہے ہیں جبکہ یہ تصویر بھائی بہن کے خوبصورت رشتے کی بھی عکاسی کر رہی ہے۔

بختاور بھٹو نے تصویر کے کیپشن میں آصفہ بھٹو سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری سب سے قیمتی آصفہ کو سالگرہ مبارک ہو۔‘

دوسری جانب آصفہ بھٹو نے بہن کی اس محبت کا جواب دیتے ہوئے اُن کا یہ پیغام ری ٹوئٹ کیا۔

آصفہ بھٹو نے بختاور کا پیغام ری ٹوئٹ کرتے ہوئے تین دل والے ایموجیز بنائے۔

گزشتہ روز آصفہ بھٹو زرداری نے اپنا 28واں یومِ پیدائش منایا تھا، اس موقع پر جہاں اُنہیں ملک بھر سے محبت بھرے پیغامات موصول ہوئے تو وہیں اُن کی بڑی بہن بختاور بھٹو بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

واضح رہے کہ آصفہ بھٹو زرداری سابق صدر آصف علی زرداری کے تین بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ ان کی پیدائش 3 فروری 1993 کو لندن میں ہوئی تھی۔

آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کچھ سالوں سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے کام کرتی آرہی ہیں تاہم ان کی سیاست میں باضابطہ انٹری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان جلسے سے ہوئی جس میں انہوں نے اپنے سیاسی کریئر کی پہلی تقریر کی۔

تازہ ترین