• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توقع ہے اپوزیشن عقل کا دامن نہیں چھوڑیگی، استعفوں کے فیصلوں پر غور کریں، شیخ رشید

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں کشمیرکا کیس مثالی انداز میں لڑا ، استعفوں سے کوئی قیامت نہیں آئے گی لیکن جمہوریت اور جمہوری نظام میں بے چینی ضرور پھیلے گی توقع ہے اپوزیشن عقل کا دامن نہیں چھوڑے گی۔

استعفوں کے فیصلوں پر غور کریں،پی ڈی ایم فیصلوں کا جواب آج لال حویلی کے باہر دوں گا،فضل الرحمان کو سینٹ الیکشن میں حصہ لینا چاہئے، غصے میں کمی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نےگورنمنٹ وقارالنسا ء پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں یوم کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم جو فیصلہ کرے گی ،اس کا جواب جمعہ کو لال حویلی کے باہر بطور وزیر داخلہ دوں گا ، لال حویلی کا لال چوک سے گہرا رشتہ ہے ، لال چوک اور سری نگر کے ہوٹلوں میں آج بھی شیخ رشید کی تصاویر لگی ہیں۔

ہماری آزادی کا ہر سانس کشمیر کی جدوجہد آزادی سے جڑا ہے، کسانوں کے احتجاج میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام لگانے والا بھارت جان لے کہ پاکستان کبھی ایسی چالیں نہیں چلتا لیکن یہ طے ہے کہ وفا کرو گے تو وفا کریں گے ،جفا کرو گے تو جفا کریںگے اور اگر ستم کرو گے تو ستم کریں گے ۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی رابطوں بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں اور نہ بلاول سے دوستی ہوئی ہے البتہ آصف زرداری کو بختاور کی شادی کی مبارکباد دیتا ہوں اوردعا گو ہوں ۔ 

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک طرف پی ڈی ایم سیاسی فیصلے کرنے کو تیار ہے جبکہ دوسری طرف حکومت نئی قانون سازی کے لئے جا رہی ہے ، نئی قانون سازی میں سینٹ کا ووٹ اوپر لے جانے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے کیونکہ عمران خان کی کوشش اور خواہش ہے کہ ملک میں ووٹ کی خریدوفروخت نہ ہو اور منتخب اراکین سینہ تان کر اوپن طریقے سے اپنی پارٹی کوووٹ دے سکیں ۔

تازہ ترین