• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی ترمیم سے سینیٹ الیکشن میں مال کمانے والوں کی چیخیں نکل گئیں، اسد عمر

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا راستہ بند کرنے کیلئے جو آئینی ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سے سینیٹ الیکشن میں مال کمانے اور اس الیکشن کو بکرا منڈی بنانے والوں کی چیخیں نکل گئیں۔ جمعرات کو سینیٹ ترمیمی بل پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر تے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ کوئی ڈرگ مافیا اور کوئی قبضہ گروپ ہے، کوئی فارن فنڈنگ والا ہے جو عام انتخابات میں اپنے خرچ کئے گئے کالے دھن کے پیسے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچ کر پورا کرنا چاہتا ہے، انہیں 26ویں آئینی ترمیم سے اپنی دیہاڑی بند ہونے کا خطرہ نظر آرہا ہے، اپوزیشن جو مرضی کرلے نیا پاکستان بن کر رہے گا۔ چوری چکاری والی جمہوریت کو عمران خان نے پاش پاش کرنا شروع کردیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جو لوگ 26ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کر رہے ہیں انکی ڈوریں لندن اور کراچی سے ہلائی جاتی ہیں،عمران خان شفافیت لانا چاہتے ہیں اسلئے یہ بل لائے ہیں،سارا بکائو مال نواز شریف اور زرداری کے ساتھ ہے۔عبد القادر پٹیل نے کہا کہ نشیٔ لوگوں کو نہ گاڑی چلانے کی اجازت دیں اور نہ ملک چلانے کی ۔ اگر کوئی ایسا کرے تو اس کی کیا سزاہو گی، جواب میں وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم نے پاکستان سےمجرموں کے خاتمے کا آغاز کردیا، اپوزیشن کو چور چور والے پوسٹر لانے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ یہ سب چور ہیں۔ شازیہ مری نے کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی سپلائی بند کرنے کے بارے میں سوال کیا جسکا جواب وزیر توانائی عمر ایوب خان نے طویل دیا اور پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے پاور سیکٹر کو اربوں روپے کی ادائیگیوں کا سامنا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ میرے سوال کا جواب دینے کی بجائے وفاقی وزیر توانائی جلسے کی تقر یر کر رہے ہیں ۔ عمر ایوب خان نے جواب میں کہا کہ پہلے اپنے گر یبان میں جھانکیں ۔ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو 40 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر آ یا ہوں۔

تازہ ترین