• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نیا مال روڈبنانے کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)مری میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور موجودہ انفراسٹرکچر پر پڑنے والے دبائو کو کم کرنے کیلئے نیو کمرشل کوریڈور(نیا مال روڈ)بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی پی سی ٹو،فزیبیلٹی سٹڈی اور ماسٹر پلان کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کیا جارہا ہےجس پر اخراجات کا تخمینہ ساڑھے سات ملین روپے لگایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق موضع چارہان،ارواڑی،رکھ الف کے علاقوں پر مشتمل کوریڈور تجویز کیا گیا ہے۔کنسلٹنٹ منصوبہ کو پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے رائے دینے کے ساتھ لینڈ ایکوزیشن، پی سی ون کی تیاری،ٹوپوگرافک سروے،جیو ٹیک انویسٹی گیشن،سماجی و ماحولیاتی اثرات،کمرشل کوریڈور کی زوننگ،انفراسٹرکچر ڈیزائن،ریونیو وصولی،کاروباری و تجارتی مواقع،خطرات ،قانونی و انتظامی معاملات سمیت دیگر امورکے بارے میں رپورٹ تیار کرے گا۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے بتایا کہ مری بالخصوص موجودہ مال روڈ پر سیاحتی سرگرمیوں کا رش سیزن میں مزید بڑھ جاتا ہے۔جس سے انتظامی اور دیگر امور میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہےمری میں بھی سیاحوں کا فوکس مال روڈ کے اردگرد کے علاقہ پر ہوتا ہے۔موجودہ انفراسٹرکچر اس دبائو کو برداشت نہیں کرپا رہا ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ مال روڈ کے متبادل سہولیات بنائی جائیں اور سیاحوں کا رخ اس طرف موڑا جائےتاکہ مال روڈ اور اردگرد کے علاقوں پر نہ صرف دبائو کم ہو بلکہ سارے مری میں ایک جیسی کارروباری و سیاحتی سہولیات میسر آسکیں۔کمشنر نے کہا کہ کمرشل کوریڈور کے منصوبہ میں جدیدبرقی اور دیگر تفریحی سہولیات کو شامل کیا گیاہے۔منصوبہ کے ابتدائی خدوخال منظوری کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کو بھجوایا جارہے ہیں جو پی اینڈ ڈی سے منظوری سمیت فنڈز کے انتظام کا ذمہ دار ہوگا۔
تازہ ترین