• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر پر سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میں خصوصی تقریب

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کےحوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پرسوز مظالم کے موضوع پر ایک تصویری نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ 

میڈرڈ اور اس کے گرد و نواح میں رہنے والی پاکستانی اور مقامی کمیونٹی نے تقریب میں بھر پورشرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اس موقع پر صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سفارتخانہ کے ناظم الامور عمیر علی نے اپنے خطاب میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری جبری نظر بندی، ماورائےعدالت قتل، خواتین اور بچوں پر تشدد اور مواصلاتی بندش کی پر زور مذمت کرتے ہوئے، اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان، اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ہیڈ آ ف چانسلری فرسٹ سیکرٹری دانش محمود نے اپنے خطاب میں کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور بھارتی مظالم کے موضوع پر ایک پرسوز، نظم بھی پیش کی۔ انہوں نے مقامی پاکستانی کمیونٹی سے التماس کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے پیغام کی ترویج میں اپنا کردار ادا کریں۔


سیکنڈ سیکرٹری عائزہ شجاعت نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزیر خارجہ کا پیغام حاضرین تک پہنچایا اور کشمیری بھائیوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

تقریب میں شریک پاکستانی خواتین و حضرات اور بچوں نے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی فوج کے خلاف اور کشمیری کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

تازہ ترین