راولپنڈی(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمیں ’’یو ٹرن‘‘ کا طعنہ دینے والے خود’’ ابائوٹ ٹرن‘‘ کے عادی ہو چکے ہیں ‘ مولانا فضل الرحمان اب کبھی راولپنڈی کا نام نہیں لیں گے۔
26مارچ کوپی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی لیکن اگر اپوزیشن نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو وہ حشر کریں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔
تحریک لبیک بھی17فروری کو دانشمندی کا مظاہرہ کرے‘آصف زرداری پی ڈی ایم کے گرو ہیں جنہوں نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی آڑ میں اپنی ضمانت بھی کنفرم کرالی اور اب اپنا کیس کراچی منتقل کروانے کے چکر میں ہیں۔
کراچی منتقل ہونے کے بعد اس کیس میں کوئی گواہ ہی پیش نہیں ہو گا ‘قوم پاک فوج کے خلاف کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں‘جو بھی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا ہم اس کی زبان گدی سے کھینچ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر لال حویلی کے باہر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی حکومت رخصت ہونے والی ہے یہ محض نالائق اپوزیشن ،کم عقل لیڈروں اور ذہنی پستی کے حامل سیاستدانوں اور لیڈر شپ سے عاری پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے۔
جس پارلیمنٹ پر فضل الرحمان نے لعنت بھیجی آج اسی پارلیمنٹ سے ووٹ مانگنے جا رہے ہیں‘اگر اپوزیشن قانون اور امن کے دائرے میں لانگ مارچ کرے گی انہیں راولپنڈی اسلام آباد پر سکون شہر کے طور پر ملیں گے لیکن اگر بدمعاشی کی کوشش کی تو جواب بدمعاشی سے ملے گا۔
پی ڈی ایم پورے ملک میں جلسے اور احتجا ج کر چکی ہے لیکن پنڈی نہیں آئی ‘پی ڈی ایم پنڈی سے ڈرتی ہے اس لئے ادھر کا رخ نہیں کرتی حالانکہ پنڈی والوں نے چائے کی پیشکش بھی کی تھی جبکہ میں اپنی طرف سے اس میں دیسی گھی کے تڑکے کے ساتھ باداموں والے انڈے کا بھی اضافہ کرتا ہوں۔