• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر اسٹیٹس، احسن اقبال کے وزیراعظم سے 12سوالات

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے یوم یکجہتی کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان سے 12 سوالات کے جواب مانگ لئےہیں، احسن اقبال نے سوال کیا ہے کہ مودی اقدامات بعد عمران نے فعال سفارتکاری ،دوست ممالک سے مدد کیوں نہ لی؟ مودی کے اپنے منشور میں کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کے واضح اعلان کے باوجود عمران خان نے مودی کی انتخابات میں کامیابی کیلئے ٹویٹ کیوں کیا تھا؟ بی جے پی کے صدر کی جانب سے 27 مئی 2019 کو اس اعلان کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت میں ضم کر دیا جائے گا، عمران خان نے کیا عملی اقدامات کئے؟ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے 1 لاکھ 80 ہزار اضافی فوج بھجوانے پر عمران خان نے کیا کیا؟ ، مشیر اجیت دوول کے مقبوضہ خطے کے دورے کا نوٹس لینے میں عمران خان حکومت کیوں ناکام رہی اور اس معاملے میں ہاتھ پر ہاتھ دھر کر کیوں خاموش بیٹھی رہی؟ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے سیاحوں کو نکالنا شروع کیا تو عمران خان حکومت نے کیا کیا؟ عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مودی کے عزائم کے بارے میں کیا بتایا؟ محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں یا تو سرے سے کوئی بات ہی نہیں کی یا پھر ایک کمزور کیس پیش کیا یا پھر کسی ڈیل کا حصہ بن گئے؟ پانچ اگست کے بھارتی اقدام کے بعد وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ نے فعال، موثر اور عملی خارجہ پالیسی کی راہ کیوں اختیار نہیں کی؟ عمران خان نے کسی ایک بھی دوست ملک کا دورہ کیوں نہیں کیا؟، وزیر خارجہ کو کشمیر کے ایک نکاتی ایجنڈے پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کرنا چاہیے تھا، ایسا نہیں ہوا؟عمران خان حکومت نے دنیا کے اہم دارلحکومتوں بالخصوص سلامتی کونسل کے رکن ممالک میں پاکستان کے خصوصی ایلچی کیوں نہیں بھیجے ؟ ،او آئی سی کا خصوصی سربراہی اجلاس بلانے کی درخواست اور اس ضمن میں لابی کیوں نہیں کی گئی? 2019 ء میں مریم نواز شریف کو گرفتار کر کے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا کیوں ضروری سمجھا؟ ،حکومت نے یومِ یکجہتی کشمیر کے دن کشمیر پر پارلیمان کے اتحاد کا پیغام دینے کے بجائے متنازعہ قا نو ن سا ز ی لا کر قومی اسمبلی میں کیوں طوفان بدتمیزی مچایا اور لڑائی سے ماحول خراب کیا ؟ ، حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو داخلی، معاشی اور سفارتی سطح پر اتنا کمزور کر دیا ہے کہ مودی حکومت کو مقبوضہ جموں کشمیر کو غیر قانونی طور پر ضم کرنے کی ہمت ہوئی۔ 72 سال میں بھارت کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو سکی۔

تازہ ترین