پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھارت کو شکست دینے والے ایم ایم فائٹر احمد مجتبیٰ کا ایئر پورٹ پر استقبال کیلئے خود جانے کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں احمد کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیت زبردست تھی، اب میں احمد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے منتظر ہوں۔
خیال رہے کہ کشمیر ڈے کے موقع پر پاکستان کےمکس مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر احمد مجتبیٰ ولورین نے بھارتی فائٹر راہول راجو کو ایک منٹ میں ناک آؤٹ شکست دی۔
سنگاپور میں ہونے والے ون چیمپئن شپ کی لائٹ ویٹ کیٹگری کے مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں احمد ولورین نےبھارتی حریف کو محض چند سیکنڈز میں کاونٹر پنچ مار کر ناک آؤٹ کر دیا۔
مکس مارشل آرٹس فائٹر احمد ولورین نے اپنی فائٹ کو کشمیر کے نام کرنے کا اعلان کیا۔
مقابلے سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق کرکٹر شعیب اختر نے بھی پاکستانی کھلاڑی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر احمد مجتبیٰ نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دی تو وطن واپسی پر وہ خود ایئر پورٹ پر جاکر ان کا استقبال کریں گے۔
اب اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے انہوں نے احمد مجتبیٰ کی جیت پر ایئرپورٹ جا کر خود استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے۔