• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شرمناک شکست پر چُپ نہ رہ سکے اور کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بدترین پرفارمنس میں بھارت نے پاکستان کا ریکارڈ توڑ دیا۔

شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں صبح سو کر اٹھا اور اسکور پر نظر پڑی تو مجھے لگا 369  جبکہ اسکور تھا 36 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ دیکھ کر مجھے شدید دھچکا لگا کہ دنیا کی نمبر ون بیٹنگ لائن ایک دم سے ڈھے گئی۔

ٹوئٹ میں منسلک ویڈیو میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے لہذا بھارتیوں برداشت کرو۔


خیال رہے کہ لمبے لمبے رنز کے ریکارڈ قائم کرنے والی بھارتی ٹیم ایڈیلیڈ میں آسٹریلین بولرز کے آگے ڈھے گئی۔

دوسری اننگز میں 36 رنز پر پوری ٹیم ڈریسنگ روم پہنچ گئی، آسٹریلیا نے میچ 10 وکٹ سے جیت لیا ۔

ایڈیلیڈ میں بھارتی شیروں نے کھیل کے تیسرے روز اننگز کا آغاز ایک وکٹ 9 رنز سے کیا توبھارتی ٹیم کے بڑے بڑے نام کوہلی، بھمرا، چتیشور پجارا اور اگروال سمیت سب ہی آسٹریلین بولرز کے آگے ایسے لڑکھرائے کہ کھڑے نہ ہو پائے۔

بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف اور صرف 36 رنز پر ڈریسنگ روم پہنچ گئی، کپتان کوہلی سمیت پوری ٹیم میں سے کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہو سکا، جبکہ محمد شامی گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہو ئے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بالرز جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے تباہ کن بولنگ کی جس کے سامنے بھارتی نہ ٹھہر سکے، ہیزل ووڈ نے صرف 8 رنز دے کر 5 اور پیٹ کمنز نے چار وکٹیں لیں۔

یہ بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے اس سے قبل بھارتی ٹیم 1974ء میں انگلینڈ کے خلاف 42 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ جیتنے کے لئے صرف 90 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

تازہ ترین