بالی ووڈ کےلیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے ترجمان نےکہا ہے کہ پشاور میں دلیپ کمار اور کپور خاندان کے گھروں کے موجودہ مالکان اور حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مل کر باہمی اتفاق سے قیمتوں کا تعین کریں تاکہ میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
دلیپ کمار کے ترجمان فیصل فاروقی نےبرطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے پشاور دلیپ کمار کے دل میں بستا ہے۔ وہ اکثر و بشتر پشاور اور اپنے آبائی گھر کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت پاکستان کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے سے ان فنکاروں کے مداح کافی خوش ہیں۔
فیصل فاروقی کا کہنا ہے کہ پشاور میں جنوبی ایشیا کے بڑے فنکاروں دلیپ کمار، کپور فیملی، شاہ رخ خان اور دیگر کے آبائی گھروں کی اہمیت کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے۔
ان فنکاروں کے آبائی گھروں کو محفوظ بنانے سے پشاور کی اہمیت میں اضافہ ہو گا اور ملک میں سیاحت کی صنعت کو بھی استحکام ملے گا۔