• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے آرڈیننس جاری کر کے سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن دی ہے، شازیہ مری


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت نے عدالتی فیصلے سے قبل آرڈیننس جاری کر کے سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن دی ہے، آرڈیننس کے ذریعہ عدلیہ سے کہا گیا کہ حکومت کو کیا فیصلہ چاہیے، مجھے امید ہے کہ عدلیہ آزادانہ سوچے گی، یہ ہمارے لیے انتہائی افسوسناک ہوگا کہ اگر عدلیہ ان کے زیر اثر آجائے۔

حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آرڈیننس جاری کر کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے اگر پی ٹی آئی کو اوپن بیلٹ اتنا ہی پسند ہے تو چیئرمین سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ پر کیوں نہیں کروایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 226 آئین میں واضح ہے جو کہتا ہے کہ تمام الیکشن سیکریٹ بیلٹنگ کے ذریعہ ہوں، لیکن یہ لوگ کہتے ہیں سینیٹ الیکشن کے بارے میں نہیں لکھا، حالانکہ آئین میں واضح ہے کہ تمام الیکشن کی بات ہو رہی ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ آپ کو وضاحت چاہیے تھی تو آپ نے عدالت کو بھیج دیا، ابھی یہ معاملہ عدالت کے پاس ہے جس پر کوئی فیصلہ نہیں آیا، اس وقت سب سے اہم ذمہ داری عدلیہ کے پاس ہے مجھے دکھ ہے کہ یہ حکومت عدلیہ کو بھی انڈر مائن کر رہی ہے۔

تازہ ترین