• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے متحد ہونا ہوگا، نذیر گیلانی، علی رضا سید

لندن ( پ ر ) یوم کشمیر پانچ فروری دنیا بھر میں نہایت ولولے اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے جذبے سے منایا گیا، پیپلزپارٹی یورپ نے بکھری ہوئی کشمیری قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر لا کھڑا کردیا۔ فیس بک پر ہونے والے پروگرام “کشمیر ڈے کشمیریوں کے ساتھ” میں ڈاکٹر سید نذیر گیلانی صدر جموں کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق اور علی رضا سید چئیرمین کشمیر کونسل EU نے میزبان ابرار میر قائمقام صدر پیپلزپارٹی یورپ کی تجویز مان لی کہ بکھری ہوئی کشمیری قیادت جب تک ایک طاقت نہیں بنے گی، اس وقت تک مطلوبہ نتائج نہیں مل سکتے، دونوں رہنماؤں نے اوورسیز، یورپ اور ایشیا کی سطح پر متفقہ طور پر کشمیر کاز کیلئے کام کرنے کی ٹھانی لی۔ ڈاکٹر گیلانی نے کہا کہ انڈیا سے ہر محاذ پر لڑنا پڑیگا، کشمیری حق پر ہیں اور دنیا کو یہ ماننا ہوگا۔ چئیرمین علی رضا نے کہا کہ ہمارے پاس اپنی غلطیوں کو مان کر اور انکی نشاندہی کرکے آگے بڑھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں اور ہمیں متحد ہونا پڑیگا۔ ابرار میر نے دونوں رہنماؤں کا دلی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں کشمیر کاز کیلئے دن رات کام کرنے والے رہنما اکٹھے ہونگے، کہ جس سے اقوام متحدہ، یورپین یونین، او آئی سی اور کامن ویلتھ کے علاوہ دیگر اہم ترین پلیٹ فارمز بھی بات سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر کیا خوشی ہوسکتی ہے کہ کشمیری قیادت ایک ہوکر کام کرے اور مقبوضہ کشمیر سے ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ اور کشمیری نوجوان پھر کسی اور کی طرف نہیں بلکہ اپنی قیادت کی طاقت پر بھروسہ کرینگے اور آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔
تازہ ترین