لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بڑ ے عہدوں پربیٹھے چھوٹے لوگوں نے پاکستان کاکباڑا کر دیا میرا بس چلے تو پارلیمنٹ میں گالیاں بکنے والوں کو اسکول بھیجوں نہ سدھریں تو اڈیالہ جیل بھیج دوں،۔ پی ٹی آئی کی حکومت دو ڈھائی برسوں میں ہر شعبہ میں خراب پرفارمنس دےکر اتنی بری طرح ایکسپوز ہوئی کہ اب وزیراعظم کے الفاظ ان کا ساتھ دینا چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی سابقہ حکمرانوں پر گند ڈالنے کی گردان اتنی مضبوط ہے کہ اگر انہیں پانچ سال اور بھی مل جائیں تب بھی وہ یہی مشق دہرائیں گے۔ پی ٹی آئی نے نیا پاکستان بناتے بناتے پرانا پاکستان گرا دیاہے ۔ اب نہ پرانا پاکستان رہا اور نہ ہی نیا بن سکا ۔ ملک میں ناکامیوں کا تسلسل ہے ۔یوٹرن پوری دنیا میں وزیراعظم کی پہچان بن گیا ہے۔ پہلی حکومتوں میں بھی ملک کی حالت بد تھی لیکن اب بدتر ہے۔ پی ڈی ایم والوں سے بھی پوچھنا چاہتا ہوں آپ کا کیا ایجنڈا ہے۔ پی پی ، ن لیگ نے بھی ملک پر سالہا سال حکومت کی بتائیں عوام کے لیے کیا کیا؟ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں فرق کرنا دانشمندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو پارلیمنٹ میں گالیاں بکنے والوں کو سکول بھیجوں نہ سدھریں تو اڈیالہ جیل بھیج دوں۔ پاکستان کو امریکی ساہوکاروں سے نجات دلانے کا وقت آگیا۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے اس خواب کی جلد تعبیر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اہم مقررین اور شرکا میں امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، مولانا عبدالاکبر چترالی ایم این اے ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کے پی کے عبدالواسع اور ضلعی امیر غلام رسول شامل تھے۔امیر جماعت نے اس موقع پر لوگوں سے عہد لیا کہ وہ پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک کو اسلامی جمہوری فلاحی مملکت بنانے اور پاکستان کے وسائل پر قابض ظالم اشرافیہ سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کی جاری تحریک کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے ملک میں پرامن اسلامی انقلاب کے حق میںنعرے بھی لگوائے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کا ایجنڈا بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوری اور پرامن اسلامی انقلاب لاکر طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ سودی معیشت سے جان چھڑائی جائے گی۔ بوڑھوں، بے روزگار نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں کو مکمل تحفظ فراہم کرینگے۔ عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کریں گے اور اشیائے خوردنوش پر سبسڈی دے کر اس کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اچھا ہوا پی ٹی آئی کی بھی عوام کو پہچان ہو گئی۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا اور اداروں کو برباد کیا۔ حد تو یہ ہے کہ ایک وفاقی وزیر خود ہی پی آئی اے کے خلاف سلطانی گواہ بنے، ملک میں کرپشن ، بے روزگاری ، مہنگائی کی وجہ سے عوام دن رات اس وقت کو کوس رہے ہیں جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی۔ اب تو وزیراعظم خود اعتراف کرنے لگے کہ انہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے لنگر خانے تعمیر کروائے مگر اب ان سے ان کا انتظام بھی نہیں چلتا۔ زراعت برباد ، اوورسیز پاکستانی پریشان،مختلف ممالک کی جیلوں میں بند ہزاروں پاکستانیوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔