کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن جے یوآئی سندھ کی دعوت پر کراچی پہنچ گئے،انہوں نے سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی اور سردار شیر باز مزاری کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی، جے یو آئی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق مولانا فضل الرحمن آج 8 فروری کی شام 5 بجے قائد آباد سے کارواں کی قیادت کرتے ہوئے حیدر آباد جلسہ کیلئے روانہ ہونگے۔ وہ شام میں ٹھٹھہ میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کے بعد رات 10 بجے سجاول شہر پہنچیں گے اور رات وہیں قیام کرینگے۔وہ9 فروری منگل کی صبح 10 بجے سجاول سے حیدر آباد جلسہ کیلئے روانہ ہونگے۔جے یوآئی کا کارواں براستہ ٹنڈو محمد خان اور ہوسڑی سہ پہر کو حیدرآباد پہنچے گا۔جہاں وہ پی ڈی ایم سندھ کے تحت منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔ سندھ کے دورے کے دوران جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشدمحمود سومرو کے علاوہ دیگر مرکزی و صوبائی ، ضلعی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ ہوگی۔