• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری کے اہلیہ کو بھیجے وائس میسجز وائرل

لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بڑے صاحبزادے مجّدد صابری نے اپنے مرحوم والد کے وہ میسج سوشل میڈیا پر شیئر کردیے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے لیے گانا گنگناتے تھے۔

قوم کا فخر اور دُنیا بھر میں شہرت پانے والے نامور قوال امجد صابری تو انتقال کرگئے ہیں لیکن اُن کے اہلخانہ آج بھی مرحوم کو یاد کرتے ہوئے افسردہ ہوجاتے ہیں۔

گزشتہ روز امجد صابری کے بڑے بیٹے مجّدد صابری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں۔

مجّدد صابری نے اپنی انسٹا اسٹوری میں وہ وائس میسجز شیئر کیے جو اُن کے مرحوم والد امجد صابری نے اپنی اہلیہ کو بھیجے تھے۔

اُن وائس میسجز میں مرحوم امجد صابری اپنی اہلیہ کے لیے معروف بھارتی گیت ’زندگی امتحان لیتی ہے‘ کے چند سطر اپنی خوبصورت آواز میں گنگنا رہے ہیں۔

مجّدد صابری نے مرحوم والد کے میسجز انسٹا اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’یہ میسجز ڈیڈی نے امّاں کو بھیجے تھے۔‘

امجد صابری کے بیٹے کی انسٹا اسٹوری دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے مرحوم والد کو شدت سے یاد کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریباََ 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افرا د نے فائر نگ کی تھی۔امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔

محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔  

تازہ ترین