• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں: ڈی جی آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے۔

پی ڈی ایم اور اسٹیبلشمنٹ کے بیک ڈور رابطے سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ دنوں سے اس بارے میں کافی چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں، میں پھر واشگاف الفاظ میں کہہ دینا چاہتا ہوں کہ سیاست سےافواج کا کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی قسم کےبیک ڈور رابطے یا چینل اس چیز کیلئے استعمال نہیں کیےجارہے، قیاس آرائیاں کرنےوالوں سے پھر کہوں گا فوج کوسیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے پاس داخلی وخارجی سلامتی کا بڑا فریضہ ہے جسے بہ خوبی ادا کررہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بغیر شواہد اور تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا، اس قسم کی قیاس آرائیوں کو بند ہونا چاہیے، اس بارے میں کمنٹس کرنے والوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں، دکھا دیں کون کس کو کال کررہا ہے،کس سے بات کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوئی چیز نہیں ہورہی ہے، میں پھر درخواست کرتاہوں کہ ان معاملات میں ہمیں نہ گھسیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کیے جبکہ چین کی جانب سے افواج پاکستان کو کورونا ویکسین کا عطیہ دیا گیا ہم کورونا ویکسین کے عطیہ پر چینی قیادت کے مشکور ہیں۔ ہمارے اصل ہیروز فرنٹ لائن ورکرز ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کے ٹو مہم جوئی کے دوران لاپتہ کوہِ پیماؤں کے حوالے سے کہا کہ علی سدپارہ قوم کے ہیرو ہیں، کوہ پیماؤں کےسرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے، پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ چین نے افواج پاکستان کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کا عطیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج پہلی غیر ملکی فوج ہے جسے چین نے کورونا ویکسین کا عطیہ دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستانی قوم نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا، ہیلتھ کیئر ورکرز نے کورونا وائرس سے مقابلے میں قوم کی بھرپور مدد کی۔

تازہ ترین