قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے آج جنوبی افریقا سے 2007 کا بدلہ لے لیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ نے کمال کردیا ورنہ جنوبی افریقی ٹیم بھاگ رہی تھی۔
شعیب اختر نے کہا کہ جارحانہ اور تباہ کُن باؤلنگ کے ذریعے پاکستان نے جنوبی افریقا سے 2007 کا بدلہ لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اب دنیائے کرکٹ میں اپنا نام بنانا چاہئے، فاسٹ باؤلر ہی ہمیں جتواسکتے ہیں۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ آج ہمیں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے وقار اور وسیم کی یاد تازہ کروادی ۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی تعریف بھی کی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 95 رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز جیت لی۔
پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔
پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ساؤتھ افریقہ کو وائٹ واش جب کہ دوسری بار ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔
اس سے قبل 2003 میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو 1-0 سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔