بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ تاپسی پنوں نے بلآخر کنگنا رناوت کو جواب دے ہی دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت کی طرف سے تاپسی پنوں کو بی گریڈ قرار دیے جانے کے بیان پر باصلاحیت اداکارہ نے ویسا ہی جواب دیا، جس کی اُن سے توقع کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیے گئے جواب میں کہا کہ مجھے بڑی فلموں کی ضرورت ہے ہی نہیں اور نہ ہی میں اُن کا حصہ بننا چاہتی ہوں۔
تاپسی پنوں نےاس حوالے سے مزید کہا کہ میں اپنی ہم عصر اداکاروں کی طرح بڑی فلموں کے بجائے اچھی کہانیوں کا انتخاب کرتی ہوں اور انہیں کامیاب بنانے کے لیے پرفارم کرتی ہوں۔
راہول نامی ٹوئٹر صارف نے تاپسی پنوں کو ایک پیغام میں ٹیگ کیا، جس میں انہوں دیپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ اور تاپسی پنوں کے درمیان صحتمند مسابقت کی طرف اشارہ کیا۔
تاپسی پنوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ہم عصر اداکاروں دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کی طرح بڑی فلموں کی ضرورت نہیں کیونکہ میں بڑی فلموں کے بجائے اچھی کہانیوں کو منتخب کرنا چاہتی ہوں۔
تاپسی پنوں کی کئی فلمیں پائپ لائن میں ہیں، ان میں سے ایک ’رشمی راکٹ‘ کی عکس بندی مکمل ہوچکی ہے جبکہ ’شاباش مٹھو‘ کی تیاری چل رہی ہے جبکہ وہ لوپ لپیٹا اور حسینا دلربا میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔
دوسری طرف دیپیکا پڈوکون شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کررہی ہیں تو عالیہ بھٹ سنجے لیلا بھنسالی ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
کنگنا رناوت جو پہلے ہی تاپسی پنوں پر بی گریڈ کہہ کر حملہ آور ہوچکی ہیں اب باصلاحیت اداکارہ کو مختلف القاب کےذریعے بے عزت کرنا چاہتی ہیں۔
بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کے ٹوئٹس پر ایک شخص نے تاپسی پنوں کو ٹیگ کیا تو انہوں نے انہیں کسی کے ڈی این اے، آر این اے اور خون کے پلیٹ لیٹس کے بنیادی نمونے قرار دے کر نظر انداز کردیا۔
اس شخص نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کنگنا رناوت کے پیغام مضحکہ خیز کہے جاسکتے تھے اگر یہ زہریلے اور گستاخانہ نہ ہوتے۔