اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے کرک مندر پر حملہ سے متعلق از خود نوٹس کیس اور ملک بھر میں اقلتوں کے حقو ق کے تحفظ سے متعلق سپریم کورٹ کے 2014کے ایک فیصلے پر تاحال عدم عملدرآمد کے حوالے سے دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران حکومت سے اقلیتوں کی ملک بھر کی تمام جائیدادوں کی نشاندہی کر کے آئندہ سماعت تک پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کاحکم جاری کیا ہے جبکہ کرک میں مندر کو نقصان پہنچانے سے متعلق از خود نوٹس کیس میں تاحال مندر کی تعمیر شروع نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے مندر کی فوری تعمیر شروع کرنے اور اس کی ٹائم لائن بنا کر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے ،چیف جسٹس گلزار احمدنے ریمارکس دیئےکہ جن ملزمان نے کرک کا مندر جلایا ہے ؟ان سے پیسے ریکور کئے جائیں تا کہ آئند ہ کسی کو بھی ایسا غلط کام کرنے کی جرات نہ ہوسکے ، کراچی کی متعدد زمینوں پر متروکہ وقف املاک بورڈ نے قبضہ کر رکھا ہے،چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نےازخود نوٹس کیس اور ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین مہدی حسن کی جانب سے سپریم کورٹ کےاقلتوں کے حقو ق کے تحفظ سے متعلق سپریم کورٹ کے 2014کے فیصلے پر عدم عملدرآمد کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی توچیف جسٹس نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے ملک بھر کی اقلیتوں کی جائیدادوں کی تفصیل سے متعلق نامکمل رپورٹ جمع کروانے پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس رپورٹ میں اقلیتوں کی بیشترجائیدادوں کی نشاندہی نہیں کی گئی ۔