• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرسن نے بھارتیوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے چنائی ٹیسٹ میں انگلینڈ کیخلاف 227 رنز سے شکست پر بھارتی ٹیم کو ٹرول کرتے ہوئے ماضی یاد دلا دیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے رومن انگلش میں لکھی گئی ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کا مذاق بنا دیا۔

 40 سالہ کیون پیٹرسن نے ہندی میں کیے گئے ٹوئٹ میں آسٹریلیا میں بھارت کی ٹیسٹ سیریز میں جیت کو یاد کیا۔

کیون پیٹرسن نے بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر رومن ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’ انڈیا، یاد ہے جب آپ نے آسٹریلیا کو ان کے گھر پر ہرایا تھا تو میں نے پہلے ہی چیتاونی(تنبیہ) دی تھی کہ اتنا جشن نہ منائیں ۔‘

خیال رہے کہ حال ہی میں بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں 328 رنز کا تعاقب کیا تھا ،بھارتی ٹیم 1988 میں ویسٹ انڈیز کے بعد سے آسٹریلین ٹیم کو اس میدان میں شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی تھی اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

گزشتہ روز چنائی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 420 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا تاہم میزبان ٹیم آخری دن کے دوسرے سیشن میں 192 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، کپتان ویرات کوہلی 72 کے ساتھ نمایاں رہے۔

اوپنر شبمان گل نے 50 رنز بنائے لیکن بھارتی ٹیم کی جیمز اینڈرسن  کی ریورس سوئنگ کی مہارت اور بائیں ہاتھ کے اسپنر جیک لیچ کے سامنے ایک نہ چلی۔ انگلینڈ کی غیر ملکی سرزمین پر یہ لگاتار چھٹی کامیابی ہے۔

تازہ ترین