وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ نیب انکوائری کو خوش آمدید کہتے ہیں میرے اثاثے سب کے سامنے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کرپشن دو طرفہ ہوتی ہے دونوں نااہل ہونے چاہئیں، آئندہ کے لیے سینیٹ انتحابات میں کرپشن کا باب بند کرنا ہو گا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے ویڈیو اسکینڈل کی انکوائری ہونی چاہیے، جنہوں نے پیسے دیئے ان کے خلاف بھی انکوائری ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں مجھے بھی پیسوں کی آفر ہوئی تھی، پاکستان پیپلز پارٹی نے دو سینیٹر کس طرح منتخب کروائیں؟۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دو سینیٹرز کے لیے 34 ووٹوں کی ضرورت تھی پیپلز پارٹی کے 5 ایم پی اے تھے، سلطان محمد خان قومی وطن پارٹی سے اس وقت وابستہ تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پرویز خٹک اس وقت وزیر اعلیٰ تھے کسی کو ووٹ کا نہیں کہا ہے۔