بحر الکاہل میں آئے زلزلے کے باعث جنوبی نصف کرہ کے مشرقی ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے حکام نے اپنے شہریوں پر زور زیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں میں ساحلی پٹی پر جانے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ بحر الکاہل میں لائلٹی آئلینڈز میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد جنوبی بحر الکاہل میں صورتحال پریشان کن دکھائی دیتی ہے۔
نیوزی لینڈ کے نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ لوگ سمندر کا رخ نہ کریں۔
ایجنسی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقوں کے سونامی کی بلند اور طاقت ور لہریں ٹکرانے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے میٹرولوجی بیورو کی جانب سے بھی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے بتایا ہے کہ سونامی کا خطرہ امریکن سموا، ویناؤتو، فیجی اور نیوزی لینڈ کے لیے بھی موجود ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ سمندر میں زلزلے کے باعث لہریں ایک میٹر تک بلند ہورہی ہیں۔