مسلم لیگ نون کے قائد، سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں میں سینیٹ کے الیکشن میں جامع حکمتِ عملی کے تحت حصہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔
نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن نے سیاسی صورتِ حال اور لانگ مارچ کی کامیابی کے لیے مختلف تجاویز پر غور بھی کیا۔
نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو لانگ مارچ کامیاب بنانے کے لیے نون لیگ کے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
دونوں رہنماؤں نے ویڈیو اسکینڈل کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے کہا کہ ہمیں کرپٹ اور چور کہنے والوں کے اپنے ممبران کرپٹ نکلے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہاز پر سوار ہونے والوں کی لینڈنگ شروع ہو گئی ہے۔