شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ نے پاکستان سُپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے کی تصدیق کردی۔
اس حوالے سے اسرا بیلگیچ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا ’نئی شروعات۔‘
اسرا بیلگیچ نے اپنے ٹوئٹ میں پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو بھی ٹیگ کیا۔
اس کے علاوہ تُرک اداکارہ نے ٹوئٹر پر موجود پشاور زلمی کے آفیشل اکاؤنٹ کو بھی اپنے پیغام میں مینشن کیا۔
دوسری جانب جاوید آفریدی نے بھی اسرا بیلگیچ کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’نئی شروعات‘ لکھا۔
اسرا بیلگیچ اور جاوید آفریدی کے ٹوئٹس دیکھنے کے بعد اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ تُرک اداکارہ پی ایس ایل 6 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اسرا بیلگیچ کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالے سے شائقین کرکٹ سے مشورہ مانگا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے جاوید آفریدی کے اس فیصلے پر بےحد خوشی کا اظہار کیا تھا۔