برسلز( حافظ انیب راشد) کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے عظیم کشمیری شہدا افضل گرو اور مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کشمیر کی دھرتی کے عظیم سپوت ہیں، ان شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دونوں شہدا کے برسی کے ایام کی مناسبت سے چیئرمین کونسل ای یو علی رضاسید نے کونسل کی کورکمیٹی کے اجلاس کے دوران کہاکہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے شمع کی مانند تحریک آزادی کشمیرکو روشنی فراہم کی ہے۔یہ اجلاس چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کی صدارت میں برسلز میں منعقد ہوا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیاکہ شہید مقبول بٹ اور افضل گرو کے اجساد خاکی کوکشمیرمیں انکے ورثاء کے حوالے کیاجائے تاکہ وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق شہدا کی آخری رسومات ادا کرسکیں اوردرست طریقے سے ان اجساد کی تدفین ہوسکے۔ واضح رہے کہ 9 فروری کو کشمیری حریت پسند محمد افضل گرو کی برسی کادن ہے۔ افضل گرو کو بھارت کی تہاڑ جیل میں فروری2013کو پھانسی دے کرورثاء کی اجازت کے بغیر وہاں ہی دفن کردیاگیا تھا۔ اس سے قبل محمد مقبول بٹ کو بھی گیارہ فروری 1984ء کو اسی جیل میں پھانسی دے کر ان کے جسد خاکی کوان کے وارثین کی مرضی کے خلاف وہاں ہی جیل میں دفن کردیاگیاتھا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برداری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارتی رویے کا سختی سے نوٹس لے کرنئی دہلی پر دباؤ ڈالے تاکہ افضل گرو اور مقبول بٹ شہید کی میتوں کو ورثاء کے حوالے کیاجائے ۔انھوں نے کہاکہ کتناظلم اورغیرانسانی فعل ہے کہ مقبول بٹ اور افضل گرو کوپھانسی دینے کے بعد انکے اجسادخاکی کو کئی سالوں سے بھارت نے قید کررکھاہے۔ دنیاکا کوئی بھی مہذب معاشرہ اس طرح کا ظالمانہ رویہ اختیارنہیں کرسکتا۔ علی رضا سید نے کہاکہ اب ثابت ہوگیا ہے کہ افضل گرو کو ایک جھوٹے الزام پر بے گناہ پھانسی دی گئی اور اسی طرح مقبول بٹ کو تحریک آزادی کشمیر کی پاداش میں سزائے موت دی گئی ۔ انھوں نے واضح کیاکہ پھانسیاں دے کر اور ظلم و جبر کے ذریعے بھارت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔ بھارت کو ہرحال میں کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دیناہوگا۔ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ملٹری لاک ڈاؤن ختم کرنے، سیاسی رہنماؤں کی رہائی اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بھارت ظلم و جبر کرکے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دباسکتا۔ کشمیریوں کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں ایک دن ضرور آزادی ملے گی۔