لاہور،راولپنڈی، اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز)جنوبی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 جوان شہید، جوابی کارروائی میں 4حملہ آور ہلاک،حملہ رات گئےمکین میں کیاگیا،شہید جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمن اور سپاہی عزیز شامل، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری۔
ادھر صدر، وزیراعظم ، وزرائے اعلیٰ و دیگر نے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ قوم کے حوصلےبلند ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہےگی۔
تفصیلات کےمطابق جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے4 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں پیش آیا ، پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمن اور سپاہی عزیز شامل ہیں۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے آرمی کے جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔