• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی مسائل لوگو ں کی دہلیز پر حل کر ینگے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور

پشاور(وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے زرگر آباد میں مسیحی برادری کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، تحصیلدار محمد جمیل خان اور ٹی او آر ٹاؤن ون ریاض اعوان سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ڈی سی رضا کار فو رس کے کوائرڈینیٹر عامر نواب،ایونٹ منیجر ملک افتخار، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کرسچین کمیونٹی ہال زرگر آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔ عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہر ی میں درخواست کی گئی کہ نیو کرسچین کالونی میں گیس کی پائپ لائن بچھائی جائے اور علاقے میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور علاقے کے سرکاری سکول میں فرنیچر کی کمی کو پورا کیا جائے اور علاقے میں پولیس گشت بڑھایا جائے۔ اس موقع پر شاد باغ کالونی کے رہائشیوں نے شکایت کی کہ ان کے سرکاری گھر پرانی آبادی ہونے کی وجہ سے نیچے چلے گئے ہیں اس لیے ان گھروں کی تعمیر نو کر کے اوپر کیا جائے تاکہ بارش کا پانی گھروں کے اندر نہیں آ ئے کیوں کہ بارشوں میں ان کے گھروں کے اندر پانی جمع ہو جاتا ہے اور ان کو سخت تکلیف ہوتی ہے۔ انھوں نے درخواست کی کہ کرسچین کمیونٹی ہال کو مرمت کیا جائے۔ کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ اکثر علاقہ مکین نے سوئی گیس کے نئے میٹروں کے لیے درخواست دی ہے کہ سالوں گزرنے کے بعد ابھی تک میٹر نہیں لگے اس لیے سوئی گیس کے میٹر ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کارروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین