لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے کے لیے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کراچی پہنچ گئے۔ پی ایس ایل 6 میں شرکت کے لیے غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے سیمی پاکستانیوں میں بے انتہا مقبول ڈیرن سیمی نے اپنے ویڈیو پیغام میں سلام کرتے ہوئے کہا کہ اسلام و علیکم پاکستان۔ لیگ اور پشاور زلمی کا ایک بار پھر حصہ بننے پرخوشی ہے، بطور کوچ پرجوش ہوں،کرکٹ کو انجوائے کریں لیکن ماسک پہن کر۔ اس کے علاوہ احتیاط بھی کریں۔حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 18 وکٹوں کا ایریا تیار کرلیا گیا۔اسپن وکٹ، فاسٹ وکٹ، بیٹنگ وکٹ اور باؤنسی وکٹیں بھی تیار ہیں۔دوسری جانب ایک وکٹ پر سنگ مرمر بھی نصب کیا گیا ہے جبکہ پیر سے ٹیمیں پریکٹس کا آغاز کریں گی۔ٹورنامنٹ میں شرکت کر نے والی ٹیمیں اور امپائر چارٹرڈ فلائٹ پر کراچی آئیں گے جن کھلاڑیوں کو کوویڈ ٹیسٹ منفی آئے گاوہ ببل کا حصہ بنیں گے۔کراچی میں صحافیوں کے کوویڈ ٹیسٹ بھی شروع ہوگئے ہیں۔میڈیا سینٹر میں صحافیوں کا داخلہ منفی ٹیسٹ سے مشروط ہے۔