• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی کے نام پر مشرف کی باقیات کو قوم پر مسلط کر دیا گیا، صادق عمرانی

کوئٹہ( پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ قوم ابھی ضیاء باقیات سےہی اپنی جان چھڑا نہ پائی تھی کہ اسے مشرف کی باقیات سے نبرد آزما ہونا پڑا جسے تبدیلی کا نام د ے کر قوم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔ جسے نے اقتدار میں آتے ہی اپنے آقاؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کا سیاسی و معاشی استحصال شروع کر دیا۔ ہر گزرتے دن کیساتھ مہنگائی، ٹیکسوں کی بھر مار الزامات کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے مسلط کردہ احتسا ب کے عمل سے اپنے سیاسی مخالفین کو نیچادکھانے کیلئے میڈیا پر قد غن لگائی گئی اور سامراجی طاقتوں کی خوشنودی کیلئے ہمسائیہ ممالک سے تعلقات بگاڑے گئے۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت بیک فٹ پر آ گئی۔ داخلہ و خارجہ امور نا اہلوں کے حوالے کر دئیے گئے۔ اہم قومی اداروں کی فروخت کیلئے سیاسی مخالفین کو راہ سے ہٹانے کی پالیسی پر عمل کا آغاز کیا گیا۔ خیرات میں ملی کورونا ویکسین کی بندر بانٹ اور اسے لگانے کیلئے تاخیری حربوں کا استعمال بھی جاری ہے۔صدر پاکستان کے کاندھے رکھ کر چلائی گئی بندوق سے آئین پر نشانہ بازی، ایک ماہ کے دوران بجلی کے نرخوں میں چار روپے 31 پیسے کا اضافہ، گیس مہنگی کرنا، ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں رہن رکھنا اور قوم کو مایوسیوں اور اندھیروں میں دھکیل دیا جانا جمہوریت کی چادر میں لپٹی آمریت کی کارروائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی طرز عمل جاری رہا تو اس حکومت کے باقی ماندہ ڈھائی سال عوام پر قہر بن کر ٹوٹیں گے اور غریب عوام اپنے بچوں کیلئے روٹی کے حصول کیلئے قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور ہو جائینگے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اس حقیقت سے آ گہی ہونے چاہئیے کہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی ادارے کبھی انتہائی سخت اور کبھی انتہا ئی نرم شرائط پر قرضے دیکر پاکستان کو اپنے شکنجے میں جکڑ رہے ہیں ۔ ان کا اصل مقصد پاکستان کو ڈیفالٹر قرار دلوا کر عوام کی ان قربانیوں پر پانی پھیرنا ہے جو وہ ملکی بقا اور استحکام کیلئے دیتے آ رہے ہیں۔
تازہ ترین